علیمہ کے8ویں باروارنٹ گرفتاری ،جائیدادکی تفصیلات طلب

اکائونٹس منجمدنہ کرنے پر2بینک منیجرزکے وارنٹ،2بینکوں کوتوہین عدالت نوٹسز 
 عمران خان کی ضمانت کی 7درخواستوں پرکوئی وکیل پیش نہ ہونے پرسماعت ملتوی 
راولپنڈی (خصوصی رپورٹ )26نومبر احتجاج پر تھانہ صادق آباد میں درج مقدمہ میں ملزمہ علیمہ خان وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے باوجود آج بھی عدالت پیش نہ ہوئیں،جس پر انسداد دہشتگردی راولپنڈی ڈویڑن کی خصوصی عدالت کیجج امجد علی شاہ نے آٹھویں مرتبہ پھر وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔عدالت نے اکاؤنٹس منجمد نہ کرنے والے چار بینکوں کیخلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے دو بینکوں کے مرکزی منیجرز کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیئے۔ملزمہ کی جائیداد ضبط کرنے کیلئے پراسیکیوٹرکی استدعاپر عدالت نے ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سیجائیداد کی تفصیلات طلب کرلیں،دوران سماعت علیمہ کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے حوالے سے رپورٹ عدالت میں پیش کر دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر علیمہ کے 12 بینک اکاؤنٹس منجمد کیے جا چکے ہیں، ایک اکاؤنٹ میں 1کروڑ 24لاکھ روپے کابیلنس موجود ہے،عدالت نیعدالتی نوٹس کے باوجودرپورٹ پیش نہ کرنے پر 2بینکوں کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کر دیئے ، پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہاکہ ملزمہ کے رویہ کے باعث فوجداری نظام عدل کا مذاق بنا دیا گیا،جان بوجھ کر مقدمے کا ٹرائل روک دیا گیا ہے،پراسیکیوٹر کی استدعاپر عدالت نے ڈی جی پنجاب لینڈزریکارڈ اتھارٹی سے ملزمہ کی جائیداد کی تفصیلات طلب کر لیں جبکہ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،سیکرٹری کوآپریٹو پنجاب ،چیئرمین سی ڈی اے کو ملزمہ کی جائیداد کی تفصیلات فراہم کرنے اور چیئرمین ایس ایچ سی پی کو ملزمہ کے نام پر رجسٹر کمپنی یا شیئرزکی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا،مزیدسماعت 10نومبر تک ملتوی کر دی گئی، ملزمہ اور وکلا صفائی کی عدم حاضری کے باعث گواہان کی شہادت ریکارڈ نہ کی جا سکی۔فاضل عدالت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ستمبر،اکتوبر،نومبر احتجاج پر درج مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے دوران یقین دہائی کے باوجود کوئی وکیل پیش نہ ہوا۔جس پربانی کی ضمانت کی 7درخواستوں پر سماعت 15نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔