لاہور میں ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے ہراساں کرنے والے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔
واقعہ کے مطابق، تھانہ ڈیفنس بی کے علاقے سے طالبہ کے ساتھ ہراسگی کی شکایت ہیلپ لائن 15 پر موصول ہوئی، جس کے بعد پولیس ٹیم کو فوری طور پر روانہ کیا گیا۔متاثرہ طالبہ کے والدین نے بتایا کہ رکشہ ڈرائیور کالج جاتے ہوئے بیٹی کو بار بار ہراساں کرتا تھا۔ سیف سٹی کی خاتون افسر نے متاثرہ طالبہ سے رابطہ کیا اور اس کی مکمل حفاظت کی یقین دہانی کروائی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا اور مقدمہ درج کیا۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم اس سے قبل بھی ایسی حرکات میں ملوث رہا ہے۔ ترجمان سیف سٹی کا کہنا ہے کہ خواتین کسی بھی ہراسانی یا ناخوشگوار صورتحال میں فوری طور پر 15 ہیلپ لائن یا ویمن سیفٹی ایپ کے ذریعے رابطہ کریں تاکہ بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔