نینسی پیلوسی نے سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

نینسی پیلوسی نے سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

نینسی پیلوسی نے اپنے کئی دہائیوں پر محیط سیاسی کیریئر کے اختتام کا اعلان کردیا۔

 85 سالہ سابق اسپیکر نے باضابطہ طور پر کہا ہے کہ وہ آئندہ الیکشن میں حصہ نہیں لیں گی۔ انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ اپنے آخری سال کو اپنے عوام کے ساتھ گزار رہی ہیں اور اب الوداع کہنے کا وقت آ گیا ہے۔ پیلوسی اس وقت کانگریس کی اپنی 19ویں مدت مکمل کر رہی ہیں، جو 3 جنوری 2027 کو ختم ہوگی۔پیلوسی نے 2007 میں تاریخ رقم کی جب وہ امریکا میں ایوانِ نمائندگان کی پہلی خاتون اسپیکر منتخب ہوئیں۔ ان کی قیادت میں ڈیموکریٹک پارٹی نے کئی اہم قانون سازیوں کو کامیابی سے منظور کیا، جن میں ہیلتھ کیئر ریفارم اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق قوانین شامل ہیں۔

ماہرین کے مطابق، پیلوسی کو امریکی سیاست میں ایک ذہین، اسٹریٹجک اور موثر رہنما کے طور پر جانا جاتا ہے، جنہوں نے سابق صدر اوباما اور بائیڈن کے دور میں اہم قانون سازی میں کردار ادا کیا۔ تاہم، انہیں بعض حلقوں میں امیر اور عوام سے دور تصور بھی کیا جاتا ہے۔پیلوسی کے ریٹائرمنٹ کو امریکی سیاست میں ایک اہم اور تاریخی لمحہ سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ یہ ایک طویل اور بااثر سیاسی سفر کا خاتمہ ہے۔