سرکاری اہلکار جج نہیں بن سکتے اور نہ ہی ملزمان کی جائیدادیں گرا سکتے ہیں،عدالت
نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی سپریم کورٹ نے 13نومبر کو بلڈوزر سے لوگوں کی املاک کی مسماری کی سرگرمیوں پر یہ کہہ کر پابندی عائد کر دی کہ چاہے کوئی مجرم ہو یا ملزم حکومت اس کے گھر کو غیر قانونی طور پر گرا نہیں سکتی۔عدالت نے کہا کہ سرکاری اہلکار جج نہیں بن سکتے اور نہ ہی ملزمان کی جائیدادیں گرا سکتے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب کئی ریاستی حکومتوں نے ملزمان کی جائیدادوں پر بلڈوزر کارروائی کی ہے۔اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھارتی سیاست میں بلڈوزر کو زیر بحث لانے کا کام کیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ ان کے حامی انھیں بلڈوزر بابا کہتے ہیں اور ان کے جلسوں میں بلڈوزر چلا کر ان کا استقبال کرتے ہیں۔