27ویں ترمیم کا مسودہ آج سامنے آ جائے گا:احسن اقبال

کوئی ایسی ترمیم نہیں لائیں گے جس سے آئین کی بنیادی ساخت کمزور ہو:وفاقی وزیر
لندن (آئی این پی)  وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے  جمعہ تک ستائیسویں آئینی ترمیم کا مسودہ منظر عام پر آ جائے گا، اور وہ کوئی ایسی ترمیم نہیں لائیں گے جس سے آئین کی بنیادی ساخت کمزور ہو۔احسن اقبال گزشتہ روز لندن پہنچے تھے جہاں انہوں نے برطانوی حکام کے ساتھ اہم ملاقاتیں کیں۔کیبنٹ آفس اور کالٹن ہائوس میں ہونے والی ان ملاقاتوں میں احسن اقبال نے ستائیسویں آئینی ترمیم پر تفصیل سے گفتگو کی اور اسے پاکستان کی جمہوریت، عدلیہ اور دفاع کو مزید مستحکم کرنے کے لئے ایک اہم قدم قرار دیا۔احسن اقبال نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ستائیسویں آئینی ترمیم شفاف طریقے سے پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی اور اس پر پارلیمنٹ میں کھلی بحث کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ترمیم کا مقصد میثاق جمہوریت پر عملدرآمد ہے جس سے عدلیہ کو مزید طاقتور بنایا جائے گا اور پاکستان کا دفاع مزید مضبوط ہوگا۔