لاہورمیں جرائم کی شرح 3سال کی کم ترین سطح پر

گھناؤنے جرائم میں 46 فیصد ،چوری کی وارداتوں میں 77فیصد کمی ریکارڈ،رپورٹ جاری
لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت لاہور میں جرائم کی شرح تین سال کی کم ترین سطح پر آگئی۔ لاہور پولیس آپریشن ونگ نے اکتوبر کی جرائم سے متعلق ایک تفصیلی رپورٹ جاری کی ہے۔ جس کے مطابق متعدد جرائم میں قابل ذکر حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بتایا کہ15 ایمرجنسی ہیلپ لائن کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023 کے مقابلے میں اکتوبر 2024 میں املاک کے خلاف جرائم میں 44 فیصد کمی ہوئی۔ اسی طرح گھناؤنے جرائم میں بھی 46 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔ رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2023 میں 5814 گھناونے جرائم رپورٹ ہوئے تھے، جبکہ اکتوبر 2024 میں ان کی تعداد 2663 تک محدود رہی۔چوری کی وارداتوں میں بھی 77 فیصد تک کمی واقع ہوئی۔جہاں اکتوبر 2023 میں چوری کے 1577 واقعات رپورٹ ہوئے، وہیں اکتوبر 2024 میں ان کی تعداد 441 تک محدود رہی۔گن پوائنٹ پر کار چھیننے کی کوئی واردات رپورٹ نہیں ہوئی، کار چوری میں بھی 52 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔موٹر سائیکل چوری اور چھیننے میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ فیصل کامران کے مطابق گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل چھیننے میں 62 فیصد اور موٹر سائیکل چوری میں 43 فیصد کمی واقع ہوئی۔ اکتوبر2023میں کار چوری کی 50وارداتیں جبکہ اکتوبر2024میں اس کی شرح نصف سے بھی کم رہی۔