دو سو سے زائد طالبات قریبی گورنمنٹ کمیونٹی ہائی سکول مزنگ منتقل
لاہور(خصوصی رپورٹ)لاہور کے علاقے مزنگ میں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کی عمارت خطرناک قرار دے دی گئی، جس کے بعد دو سو سے زائد طالبات کو قریبی گورنمنٹ کمیونٹی ہائی سکول مزنگ منتقل کر دیا گیا ہے۔ طالبات کو سیکنڈ شفٹ میں تعلیم حاصل کرنا ہوگی، تاہم والدین نے بچیوں کو سیکنڈ شفٹ میں سکول بھیجنے سے انکار کرتے ہوئے مارننگ شفٹ میں تعلیم جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے مزنگ میں طالبات کا تعلیمی سلسلہ متاثر ہونے کا خدشہ، گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کی عمارت خستہ حالی کے باعث خطرناک قرار دے دی گئی۔ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کے مطابق سکول کی عمارت اس قدر خستہ حال ہو چکی تھی کہ کسی بھی وقت زمین بوس ہو سکتی تھی، طالبات کی حفاظت کے پیش نظر انہیں قریبی گورنمنٹ کمیونٹی ہائی سکول مزنگ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سکول میں دو سو سے زائد طالبات زیر تعلیم ہیں، جنہیں اب کمیونٹی سکول میں سیکنڈ شفٹ کے دوران تعلیم حاصل کرنا ہوگی۔ دوسری جانب والدین نے سیکنڈ شفٹ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی بچیوں کو دوپہر کے بعد سکول نہیں بھیج سکتے۔