پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ریٹائرڈ پولیس افسران کے اعزاز میں تقریب

سی سی پی او بلال صدیق نے ریٹائرڈ افسران کی محکمہ پولیس کیلئے گراں قدر خدمات کو سرا ہا
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور میں کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ریٹائرڈ پولیس افسران کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ریٹائرڈ افسران کی محکمہ پولیس کیلئے گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی مدتِ ملازمت نہایت وقار اور دیانتداری سے مکمل کی۔ انہوں نے ریٹائرڈ افسران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔تقریب میں ریٹائرڈ ڈی ایس پیز محمد سرور، مرزا عظیم اللہ، محمد ظفر خورشید، عامر صادق اور بلال احمد خان سمیت دیگر افسران نے شرکت کی، جبکہ شرکاء میں ریٹائرڈ ڈی ایس پی زاہد حسین، محمد جاوید، مقصود علی، محمد سرور اعوان، سب انسپکٹر عارف حسین اور کانسٹیبل طارق بھی شامل تھے۔سی سی پی او لاہور نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن، گریجویٹی اور جی پی فنڈ سمیت تمام واجبات کی فوری ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس فرض شناس اور قابل افسران کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ریٹائرڈ افسران ہمیشہ پولیس فیملی کا اہم حصہ رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ پولیس مستقبل میں بھی ریٹائرڈ افسران کے تجربے اور پیشہ ورانہ مہارت سے استفادہ کرتا رہے گا اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ان کے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔تقریب کے اختتام پر سی سی پی او لاہور نے ریٹائرڈ افسران میں یادگاری شیلڈز اور گلدستے تقسیم کئے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی (ایڈمن) عمران کشور اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ریٹائرڈ افسران نے عزت افزائی پر سی سی پی او لاہور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس نے انہیں عزت و وقار سے نوازا اور یہی ادارہ ان کی اصل پہچان ہے۔