ایجوکیشنل سکالرشپس کی مد میں 26 کروڑ 89 لاکھ روپے سے زائد رقم جاری کی گئی
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس نے رواں سال کے دوران اپنے ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کیلئے بڑے پیمانے پر مالی اقدامات جاری رکھتے ہوئے مجموعی طور پر 87 کروڑ 42 لاکھ 26 ہزار روپے سے زائد رقم خرچ کی ہے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس ملازمین کے بچوں کو تعلیمی میدان میں سہولت فراہم کرنے کیلئے ایجوکیشنل سکالرشپس کی مد میں 26 کروڑ 89 لاکھ روپے سے زائد رقم جاری کی گئی۔ اسی طرح پولیس ملازمین کی بیٹیوں کی شادی کیلئے ویڈنگ گفٹ کی صورت میں 24 کروڑ روپے سے زائد فراہم کیے گئے۔مزید برآں، علاج معالجے کی سہولیات میں معاونت کیلئے 13 کروڑ 49 لاکھ روپے سے زائد جبکہ ریٹائرمنٹ گرانٹس کی مد میں 11 کروڑ 29 لاکھ روپے سے زائد رقم ادا کی گئی۔ پولیس ملازمین کی فیملیز کو گذارا الاؤنس کی مد میں 8 کروڑ 88 لاکھ روپے سے زائد فنڈز بھی فراہم کیے گئے۔ترجمان کے مطابق تدفین اخراجات کیلئے اہلخانہ کو 2 کروڑ 18 لاکھ 50 ہزار روپے دیے گئے جبکہ فوری مالی امداد کی مد میں 59 لاکھ 63 ہزار روپے سے زائد کی رقم بھی جاری کی گئی۔آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ پولیس ویلفیئر فنڈ اور دیگر ذرائع سے حاصل آمدن کے ذریعے ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی مشکلات کے ازالے کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا، تاکہ فورس کے جوانوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔