پنجاب پولیس پر43کروڑ17لاکھ53ہزار روپے سے زائد رقم خرچ

بیٹیوں کو ویڈنگ گفٹ کی صورت میں 10 کروڑ 81 لاکھ روپے کی مالی معاونت کی گئی
 ملازمین، اہلخانہ کی مشکلات کے ازالے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا :آئی جی عبدالکریم
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس  نے رواں سال اپنی فورس اور ان کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کیلئے 43 کروڑ 17 لاکھ 53 ہزار روپے سے زائد رقم خرچ کی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ویلفیئر فنڈ سے مختلف مدات میں مالی معاونت فراہم کی گئی جس میں پولیس ملازمین کے بچوں کو ایجوکیشنل سکالرشپس کی مد میں 15 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد رقم جاری کی گئی تاکہ وہ بلا رکاوٹ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ اسی طرح پولیس ملازمین کی بیٹیوں کو ویڈنگ گفٹ کی صورت میں 10 کروڑ 81 لاکھ روپے سے زائد کی مالی معاونت فراہم کی گئی۔علاج معالجے کی سہولیات میں معاونت کیلئے 4 کروڑ 95 لاکھ روپے سے زائد رقم جاری کی گئی جبکہ ریٹائرمنٹ گرانٹس کی مد میں پولیس ملازمین کو 6 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد ادا کئے گئے۔گذارا الاؤنس کی مد میں پولیس ملازمین کی فیملیز کو 4 کروڑ 41 لاکھ 26 ہزار روپے سے زائد فنڈز فراہم کئے گئے۔ تدفین اخراجات کیلئے فورس کے اہلخانہ کو 1 کروڑ 45 لاکھ 50 ہزار روپے دئیے گئے جبکہ فوری مالی امداد کی مد میں 34 لاکھ 13 ہزار روپے سے زائد جاری کئے گئے۔آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا ہے کہ پولیس ویلفیئر فنڈ اور دیگر ذرائع سے حاصل آمدن کے ذریعے ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی مشکلات کے ازالے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور فورس کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے۔