لاہور (آن لائن) سزا مکمل ہونے کے باوجود شہری کو رہا نہ کرنے اور پانچ روز تک غیر قانونی حراست میں رکھنے کے کیس میں سپرنٹنڈنٹ کیمپ جیل لاہور نے عدالت پیش ہو کر غیرمشروط معافی مانگ لی۔ عدالت نے ریمارکس دئیے جیل حکام کا اقدام سراسرغیر قانونی ہے، جیل حکام کے غیرقانونی اقدام کیخلاف فورم موجود ہے، درخواست گزار کے وکیل غلام مرتضیٰ چوہدری نے عدالت کو بتایا درخواست گزار بادشاہ عرف کالی ایک مقدمہ میں بری ہوا، دوسرے مقدمہ میں ضمانت کے باوجود جیل حکام نے پانچ تک درخواست گزار کو رہا نہیں کیا، جیل حکام کیخلاف کاروائی کیلئے متعلقہ فورم سے رجوع کرنا چاہتے ہیں۔ سرکاری وکیل نے عدالت سے کہاکہ جیل حکام کا اقدام غیر قانونی حراست کے زمرے میں آتا ہے تاہم سہواً ہونے والی غلطی پر جیل حکام کو معافی دی جائے۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کے بیان کی روشنی میں پٹیشن واپس کر دی۔ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل لاہور کو ریکارڈ سمیت ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔