نجی شعبے کی شمولیت ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریگی: وزیر خزانہ

 ملکی وسائل سے سرمایہ اکٹھا کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے،خود انحصاری معاشی استحکام کا اصل راستہ ہے
 سرمایہ کاروں کو اپنے ہی ملک میں سرمایہ لگانے کی ترغیب دینا ضروری ہے:تقریب سے خطاب 
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کیلئے کیپٹل مارکیٹ کا مضبوط ہونا ناگزیر ہے، جبکہ نجی شعبے کی شمولیت ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔اسلام آباد میں کیپٹل مارکیٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت کا بنیادی فوکس کرنٹ اکانٹ کے استحکام پر ہے اور مالیاتی نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دے کر مالیاتی نظام کو مستحکم بنانا چاہتی ہے، توانائی کے شعبے میں بھی اصلاحات جاری ہیں اور سولر، ونڈ اور ہائیڈرو پاور کے ذریعے توانائی کے حصول پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔محمد اورنگزیب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مالی نظم و ضبط، اقتصادی استحکام اور نجی شعبے کے فروغ کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھے گی۔انہوں نے خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری تنازع جلد ختم ہو تاکہ عالمی معیشت پر منفی اثرات کم کیے جا سکیں۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی قیادت خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے فعال کردار ادا کر رہی ہے، تاہم موجودہ صورتحال کے پیش نظر محتاط اور متوازن حکمت عملی اختیار کرنا ناگزیر ہے۔