پاکستان کی معیشت کی ترقی کا دار و مدار نجی شعبے کی قیادت میں اقتصادی بہتری اور مہارتوں کے فروغ پر ہے: کانووکیشن سے خطاب
اسلام آباد (یواین پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے پاکستان کی معیشت کی ترقی کا دار و مدار نجی شعبے کی قیادت میں اقتصادی بہتری اور ملک گیر سطح پر مہارتوں کے فروغ پر ہے۔ سی او ٹی ایچ ایم گلوبل کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی افرادی قوت کو جدید عالمی معیشت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا اور نجی شعبے کو سرمایہ کاری، کاروباری وسعت اور اقتصادی ترقی میں مرکزی کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک نجی شعبے کی مکمل شمولیت اور ہنر مند افرادی قوت کے بغیر پائیدار ترقی حاصل نہیں کر سکتا۔ پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز ایک نئے طرز فکر کے متقاضی ہیں، جہاں حکومت کاروبار دوست ماحول فراہم کرے، سرمایہ کاری کو فروغ دے اور نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال ہے، لیکن اسے تعلیمی اصلاحات اور صنعتی ترقی کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر مسابقت کے قابل بنانا ہوگا۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان سیاحت اور ہاسپٹلٹی کے شعبے میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور اس کے قدرتی مناظر اور تاریخی ورثہ عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کر رہے ہیں۔ تاہم، اس شعبے کی مکمل صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے لیے بنیادی ڈھانچے میں بہتری اور ہنر مند افرادی قوت کی تیاری ضروری ہے،پاکستان کو ماضی میں سکیورٹی کے چیلنجز کا سامنا رہا لیکن ہماری مسلح افواج کی قربانیوں کے باعث آج پاکستان سیاحتی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔