تمام سکولوں کو رجسٹریشن کیلئے بسوں کی خریداری کرنا لازمی ہوگا:سی ای او ایجوکیشن
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے نئے اور پرانے سکولوں کی رجسٹریشن کو بلڈنگ اور ہائی جین کے نئے سرٹیفکیٹ سے مشروط کردیا ۔ تفصیل کے مطابق پرانے اور جعلی بلڈنگ فٹنس اور ہائی جینک سرٹیفکیٹ پیش کرنے والے پرائیویٹ سکولوں کو رجسٹریشن جاری نہیں ہوگی،اب تمام پرائیویٹ سکولوں کو رجسٹریشن کے حصول کیلئے بلڈنگ اور ہائی جینک سرٹیفکیٹ نیا فراہم کرنا ہوگا۔ گزشتہ روز سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نذیر حسین سے نجی سکولوں کے نمائندوں نے ملاقات کی۔ سکول مالکان کا کہنا تھا گلی محلے میں قائم سکولوں کیلئے بسیں چلانا مشکل ہے،التوا کا شکار رجسٹریشنز فی الفور جاری کی جائیں۔سکولوں کو رجسٹریشنز ملنے سے بورڈ سے الحاق کا مسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔سی ای او ایجوکیشن کا کہنا تھا تمام پرائیویٹ سکولوں کو رجسٹریشن کیلئے بسوں کی خریداری کرنا لازمی ہوگا، تمام سکول فری کمپلسری ایکٹ 2024 پر بھی عملدر آمد کو یقینی بنائیں،سکول مالکان سابق بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ جمع نہ کر ائیں،لائسنس میں تجدید تمام سکولوں کو دی جارہی ہے۔نئے لائسنس کیلئے تمام دستاویزات کی چیکنگ سمیت سکول وزٹ بھی ہوگا۔