محکمہ سی اینڈ ڈبلیونے حفاظتی معیار جانچنے کیلئے جامع پالیسی اقدامات تجویز کردیئے
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب بھر میں نجی سکولوں کیلئے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دینے کی تجویز سامنے آگئی۔ محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس نے عمارتوں کی مضبوطی اور حفاظتی معیار جانچنے کیلئے جامع سروے اورپالیسی اقدامات تجویز کر دیئے۔ مراسلے کے مطابق نجی سکولز کی جانچ کیلئے تھرڈ پارٹی کنسلٹنٹ یا آزاد انجینئرنگ فرم کی خدمات لینے کی سفارش کی گئی ہے تاکہ پورے پنجاب میں یکساں انداز میں سروے مکمل کیا جا سکے۔ لاہور میں تین ہزار پانچ سو نجی سکول رجسٹریشن کے دائرے میں شامل ہیں۔ بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ جاری کرے گا جبکہ سکول رجسٹریشن اور توسیع کیلئے یہ سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا۔ مراسلے میں انکشاف کیا گیا کہ بیشتر نجی سکول رہائشی عمارتوں میں قائم ہیں جبکہ کئی عمارتیں ادارہ جاتی مقاصد کیلئے منظور شدہ بھی نہیں۔ متعدد عمارتوں کے نقشے اور سٹرکچرل ریکارڈ بھی دستیاب نہیں۔ بلڈنگ سیفٹی کیلئے ڈسٹرکٹیو اور نان ڈسٹرکٹیو ٹیسٹنگ سمیت جامع سٹرکچرل جائزے کی سفارش کی گئی ہے تاکہ طلبہ کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ محکمہ سکول ایجوکیشن سے فوری پالیسی فیصلہ طلب کرلیا گیا۔