جنوبی لبنان:اسرائیلی حملے میںحسن نصراللہ کے چچا ،3بیٹوں،پوتے سمیت شہید(غزہ میں46فلسطینی شہید)

ابوحیدرعبداللہ،خاندان سمیت ضلع صور کے قصبے البزوریہ میں ایک گھر میں تھے،صیدا میں ڈرون حملے میں 3افراد مارے گئے، امن فوج کے4 اہلکار زخمی
 اسرائیلی فوج کا کمال عدوان ہسپتال پر پھر دھاوا،27فلسطینی شہید،متعدد زخمی ہوگئے،غزہ کی شمالی پٹی میں 19افراد صہیونی بربریت کا شکار بنے 
غزہ /بیروت(آئی این پی)لبنان میں اسرائیلی طیارے کے حملے میں حسن نصراللہ کے چچا عبداللہ نصر اللہ، ان کے تین بچے اور پوتا شہید ہوگئے جبکہ ایک اسرائیلی ڈرون نے جنوبی شہر صیدا میں لبنانی فوج کی چوکی کے قریب ایک کار کو نشانہ بنا ڈالا جس کے نتیجے میں 3افراد جاں بحق ہوگئے،فلسطین میں اسرائیل کے تازہ حملوں میں 27فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق شہید ابو حیدر عبداللہ حزب اللہ کے مرحوم سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ کے چچا ہیں۔یہ چاروں افراد جنوبی لبنان کے ضلع صور کے قصبے البزوریہ میں ایک گھر میں تھے، جو حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ کی جائے پیدائش ہے۔دوسری جانب لبنان کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملے جاری ہیں اور ایک اسرائیلی ڈرون نے جنوبی شہر صیدا میں لبنانی فوج کی چوکی کے قریب ایک کار کو نشانہ بنا ڈالا، اس ڈرون حملے کے نتیجے میں 3افراد جاں بحق ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق لبنانی فوج نے اعلان کیا کہ اسرائیلی حملے میں ایک کار کو نشانہ بنایا جب وہ چوکی سے گزر رہی تھی۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کیخلاف لڑائی میں اس کے 5فوجی مارے گئے ہیں۔ادھر اسرائیلی فوج کے غزہ میں مظلوم فلسطینی پناہ گزینوں پر حملے جاری رہے۔اسرائیلی فوج نے کمال عدوان ہسپتال پر پھر دھاوا بول دیا، تازہ حملوں میں 27فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، غزہ کی شمالی پٹی میں 19فلسطینی صیہونی بربریت کا نشانہ بنے۔صیہونی فورسز کے ہاتھوں شہدا کی مجموعی تعداد 43ہزار 437ہوگئی جبکہ ایک لاکھ 2ہزار 670فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔