گجرات: دیرینہ دشمنی پر فائرنگ سے 6 افراد قتل، آئی جی پنجاب کا نوٹس

 نامعلوم موٹرسائیکل سوار افراد نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی، زاہد ناظم، مبشر، زنیر، جاوید اقبال،رخسار اورنامعلوم نوجوان موقع پرجاں بحق
گجرات(مانیٹرنگ ڈیسک) دیرینہ دشمنی پر فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے، آئی جی پنجاب نے نوٹس لیکر آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی۔افسوسناک واقعہ گجرات کے نواحی علاقہ میانہ چک میں پیش آیا جہاں نامعلوم موٹرسائیکل سوار افراد نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پرپہنچ گئیں، جاں بحق ہونیوالوں کی عمریں 25 سے 35 سال کے درمیان ہیں۔گجرات پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونیوالوں میں 30 سالہ زاہد ناظم، 26 سالہ مبشر، 30 سالہ زنیر، 33 سالہ جاوید اقبال، 35 سالہ رخسار اور 26 سالہ نامعلوم نوجوان شامل ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دیرینہ دشمنی کی وجہ سے نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی، واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں جلد حقائق تک پہنچ جائیں گے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیکر آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی، آئی جی پنجاب نے ڈی پی او گجرات کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم بھی جاری کردیا۔ڈی پی او گجرات کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جلد گرفتار کر لیں گے۔