پاکستان میں مقامی سطح پر کم قیمت الیکٹرک گاڑی کی تیاری کا عمل شروع

 گاڑی جون یا جولائی تک متعارف کرادی جائے گی، چیئرمین آئی ڈی بی
میڈ ان پاکستان ای وی گاڑی کا پلانٹ پہلی بار لاہور میں قائم کیا جائے گا
اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان کی 77 سالہ تاریخ میں پہلی بار 100فیصد مقامی پرزوں سے میڈ ان پاکستان کار کی تیاری کا عمل شروع کردیا گیا ہے جس الیکٹرک گاڑی ہوگی اور اس کی قیمت دیگر کے مقابلے میں انتہائی کم ہوگی۔یہ بات ا نجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کے سی ای او حماد منصور نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے  کہی۔انہوں نے بتایا کہ میڈ ان پاکستان ای وی گاڑی رواں سال جون یا جولائی تک متعارف کرادی جائے گی۔ مقامی آٹوموٹیو مینوفیکچررز کی حوصلہ افزائی اور لوکلائزیشن کے فروغ کے لیے حکومت رواں سال کے وفاقی بجٹ میں گاڑیوں پر عائد ٹیکسوں میں کمی کررہی ہے۔حماد منصور کے مطابق میڈ ان پاکستان ای وی گاڑی کا پلانٹ پہلی بار لاہور میں قائم کیا جائے گا، میڈ ان پاکستان ای وی گاڑی کی قیمت دس لاکھ روپے سے کم ہوگی جس سے موٹر سائیکل سے کار کی جانب منتقل ہونے والے صارفین آسانی کے ساتھ منتقل ہوسکیں گے۔حماد منصور کے مطابق 100فیصد مقامی پرزوں سے تیار ہونے والی ای وی گاڑی ایک چارجنگ پر 180 تا 200کلومیٹر مسافت طے کرنے کی صلاحیت کی حامل ہوگی۔ مقامی آٹو موٹیو پالیسی کے تحت وزیراعظم کی جانب سے لوکل آٹو مینوفیکچرز کو بھرپور سپورٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے