ہرجانہ کیس: عدالت نے کئی بار بانی پی ٹی آئی کو جواب کیلئے وقت دیا :سپریم کورٹ

اسلام آباد( آن لائن)سپریم کورٹ نے 10ارب روپے ہرجانہ کیس میں حق دفاع ختم کرنے کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی کی نظرثانی درخواستوں کی سماعت12مارچ تک ملتوی کردی۔جبکہ جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا عدالت نے کئی بار بانی پی ٹی آئی کو جواب کیلئے وقت دیا تھا، 4سال بعد تو دعوے کا جواب جمع کروایا گیا تھا، کیا اتنی تاخیر کے بعد بھی عدالت سخت حکم جاری نہ کرتی؟جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہاکہ نظرثانی کے دائرہ اختیار کو بھی ذہن میں رکھ کر دلائل دیں۔ انھوں نے یہ ریمارکس جمعہ کے روزدیے ہیں۔بیرسٹر علی ظفر نے کہاکہ یہ کوئی سزائے موت کا مقدمہ نہیں جو حق دفاع بحال ہونے سے مسئلہ ہوگا، حق دفاع کی بحالی شفاف ٹرائل کا بنیادی تقاضا ہے۔ 10ارب روپے ہرجانہ کیس میں حق دفاع ختم کرنے کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی کی نظرثانی درخواستوں پرسپریم کورٹ میں  سماعت  ہوئی،جسٹس عائشہ ملک کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے درخواستوں پر سماعت کی۔