ہرجانہ کیس سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو بانی کیخلاف کارروائی سے روکدیا شہباز شریف کو نوٹس جاری جواب طلب

دوسری طرف سے  کوئی نہیں آیا‘ اس مقدمہ میں میرا اختلافی نوٹ ہے‘دو ججوں نے حق دفاع ختم کرنے کے فیصلے کو درست قرار دیا تھا :جسٹس عائشہ
 اسلام آباد (آن لائن)سپریم کورٹ نے شہباز شریف کی جانب سے  بانی پی ٹی آئی کے خلاف ہرجانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر ٹرائل کورٹ کو کاروائی سے روک دیا ہے اور شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے عدالت نے اپنے حکم میں کہاہے ککیس کو جلد سماعت کیلئے مقرر کیاجائے گا یہ حکم جمعہ کو جسٹس عائشہ ملک کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کے دوران جاری کیاہے۔جسٹس عائشہ ملک نے کہاہے  دوسری طرف سے آج کوئی نہیں آیا‘ اس مقدمہ میں میرا اختلافی نوٹ ہے۔دو جج صاحبان نے حق دفاع ختم کرنے کے فیصلے کو درست قرار دیا تھا وکیل علی ظفرنے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی ٹانگ میں گولی لگی تھی۔  بانی پی ٹی آئی زخمی ہونے کے باعث کیس میں پیش نہ ہوسکے۔ ٹرائل کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی عدم پیروی پر حق دفاع کردیا۔اب مقدمہ میں گواہیاں ریکارڈ ہو رہی ہے اس پر جسٹس عائشہ ملک نے پوچھاکہ کتنے ارب ہرجانے کا دعوی ہے ؟وکیل علی ظفر نے کہاکہ  دس ارب روپے کا دعوی کیا گیا۔جسٹس عائشہ ملک نے کہاکہ ٹرائل کورٹ نے حق دفاع ختم کرنے سے پہلے دو تاریخوں پر بانی کا زخمی ہونا تسلیم کیا۔زخمی ہونا تسلیم کرنے کے بعد حق دفاع کیسے ختم کیا جا سکتا ہے ؟  ہم مقدمہ میں دوسرے فریق کو نوٹس کررہے ہیں۔بعدازاں عدالت نے میاں شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب مانگ لیاہے اورسماعت ملتوی کردی۔