کراچی: لوہے کے صندوق سے خاتون کی لاش ملنے کے واقعے میں دوسرا مفرور ملزم بھی گرفتار کر لیا گیا۔
سائٹ میٹروول قبرستان سے صندوق میں بند خاتون کی لاش ملنے کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سائٹ اے انویسٹی گیشن پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے کیس میں مفرور دوسرا ملزم حسنین کو گرفتار کر لیا۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن اظہر جاوید کے مطابق، 21 اکتوبر کو سائٹ میٹروول قبرستان سے لوہے کی پیٹی میں بند خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی تھی۔ مقتولہ کی شناخت شازیہ کے نام سے ہوئی تھی، اور اس کے قتل کا مقدمہ شوہر کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا۔تفتیشی ٹیم نے تکنیکی اور انسانی انٹیلیجنس کی بنیاد پر اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے مرکزی ملزم ارشاد علی کو گرفتار کیا تھا، جبکہ اس کے دوسرے ساتھی حسنین واقعے کے بعد سے فرار تھے۔ سائٹ اے انویسٹی گیشن پولیس نے لیاقت آباد میں کارروائی کرتے ہوئے مفرور ملزم کو گرفتار کر لیا۔