سوات: تین روز سے لاپتہ دو کمسن بھائیوں کی لاشیں گھر کے صندوق سے برآمد

سوات: تین روز سے لاپتہ دو کمسن بھائیوں کی لاشیں گھر کے صندوق سے برآمد

سوات کے علاقے تیرنگ شموزی میں ایک افسوسناک اور دلخراش واقعہ پیش آیا ہے، جہاں تین روز سے لاپتہ دو سگے بھائیوں کی لاشیں گھر کی چھت پر موجود ایک صندوق سے برآمد ہوئیں۔

پولیس کے مطابق عبدالرشید اور احمد خان نامی دونوں بچے تین روز قبل اچانک اپنے گھر سے لاپتہ ہوئے تھے۔ اہلخانہ نے اپنی سطح پر تلاش جاری رکھی، تاہم بچوں کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔بعد ازاں گزشتہ روز تلاش کے دوران گھر کی چھت پر موجود ایک پرانا صندوق کھولا گیا تو دونوں بھائی اس میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔پولیس کے مطابق لاشوں کو پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ یہ تعین کیا جا سکے کہ یہ حادثہ ہے یا کسی مجرمانہ عمل کا نتیجہ۔دوسری جانب خیبرپختونخوا کے علاقے داناسر میں ایک مسافر بس گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر شیرانی ولی خان کاکڑ کے مطابق ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔