دلیپ کمار نے مدھوبالا کو تھپڑ کیوں مارا؟ رومانوی کہانی کی تلخ حقیقت

دلیپ کمار نے مدھوبالا کو تھپڑ کیوں مارا؟ رومانوی کہانی کی تلخ حقیقت

دلیپ کمار اور مدھوبالا کی محبت کی کہانی بالی وڈ کی سنہری تاریخ کا ایک لازوال حصہ ہے، لیکن ان کی زندگی میں حقیقت اور فلمی دنیا کے فرق نے ایک پیچیدہ موڑ اختیار کیا۔

 دونوں کی جوڑی کو ہمیشہ ایک مثالی جوڑا سمجھا گیا، لیکن ان کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ نے ان کی کہانی کو ایک الگ ہی رنگ دے دیا۔

فلم ’مغلِ اعظم‘ کی شوٹنگ کے دوران ان کے تعلقات میں دراڑیں پڑنا شروع ہوئیں۔ فلم کے ایک سین میں دلیپ کمار (جو ’سلیم‘ کے کردار میں تھے) کو مدھوبالا (جو ’انارکلی‘ کے کردار میں تھیں) کو تھپڑ مارنا تھا۔ عام طور پر اس قسم کے سینز میں اداکار محض ایکٹیگ کرتے ہیں، لیکن اس سین میں دلیپ کمار نے حقیقت میں مدھوبالا کو تھپڑ مارا، جو ایک غیر متوقع قدم تھا۔ ان کے ساتھی اداکار اجیت نے بتایا کہ دلیپ کمار نے پورے زور سے تھپڑ مارا، جس کے بعد سیٹ پر ایک خاموشی چھا گئی۔ کسی کو یہ امید نہیں تھی کہ دلیپ ایسا کریں گے۔

ڈائریکٹر کے آصف نے مدھوبالا کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ یہ تھپڑ اس بات کا ثبوت ہے کہ دلیپ کمار ابھی بھی ان سے محبت کرتے ہیں، حالانکہ ان کی راہیں جدا ہو چکی تھیں۔ لیکن مدھوبالا کو یہ تسلی نہیں ملی۔ وہ اس بات سے صدمے میں تھیں کہ جس شخص نے کبھی ان سے محبت کی تھی، وہ اداکاری کے بہانے ان کے ساتھ ایسا سلوک کر رہا تھا۔

مدھوبالا کے والد عطا اللہ خان اور دلیپ کمار کے درمیان کاروباری اختلافات بھی بڑھ گئے تھے۔ عطا اللہ خان چاہتے تھے کہ دلیپ کمار اور مدھوبالا کی شادی ایک کاروباری معاہدے کی صورت ہو، جس میں دلیپ کمار اور مدھوبالا صرف ان کے پروڈکشن ہاؤس کے لئے کام کریں۔ دلیپ کمار نے اپنی سوانح حیات میں لکھا کہ انہوں نے مدھوبالا اور ان کے والد کو سمجھایا تھا کہ وہ اپنے پروجیکٹس کا انتخاب اپنی شرائط پر کرتے ہیں، لیکن یہ بات عطا اللہ خان کے لیے ناقابلِ قبول تھی۔

’’نیا دور کیس‘‘ نے ان کے تعلقات کی آخری بنیاد بھی ہلا دی۔ اس کیس میں، مدھوبالا پر فلمساز بی آر چوپڑا نے مقدمہ کیا اور دلیپ کمار کو گواہ کے طور پر بلایا۔ یہ واقعہ دونوں کے تعلقات کے درمیان آخری دھچکا ثابت ہوا۔اگرچہ ان دونوں کی آن اسکرین محبت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، لیکن ان کی حقیقی زندگی کی داستان ایک سچائی ہے جو اسکرین پر دکھائی جانے والی محبت کے برعکس تھی۔ ان کے مداح آج بھی ان کی زندگی میں گہری دلچسپی لیتے ہیں اور ان کی کہانی کو ایک پیچیدہ مگر دلچسپ فلمی کہانی کے طور پر یاد کرتے ہیں۔