ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا:وزیراعلیٰ مریم نواز

ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا:وزیراعلیٰ مریم نواز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر خصوصی اجلاس ہوا، جس میں لاہور کے ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے اجلاس میں لاہور ڈویلپمنٹ پلان کی رپورٹ پیش کی، جس میں وزیر اعلیٰ نے لاہور کے کنال کی صفائی اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیوریج سسٹم کے لیے ہدایات جاری کیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ لاہور میں 780 کلومیٹر کے نئے سیوریج پائپ بچھائے جائیں گے، جن میں سے پہلے مرحلے میں 450 سیوریج پائپ بچھائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، لاہور ڈویلپمنٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔نیسپاک ’’انسپکٹر ایپ‘‘ کے ذریعے منصوبوں کی انسپکشن کی جائے گی، اور اس سسٹم کے ذریعے فزیکل اور مالی ترقی کی بھی مانیٹرنگ کی جا سکے گی۔

وزیر اعلیٰ نے اجلاس میں کہا کہ دیہات میں بھی شہری علاقوں کی طرح بہترین گلیاں بنائی جائیں، اور ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ڈویلپمنٹ پلان میں فراہمی و نکاسی آب کے نظام، رابطہ سڑکوں کی تعمیر، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور پارکس کی بحالی جیسے اہم منصوبے شامل ہیں، جس سے 16 ارب روپے کی بچت بھی کی گئی۔