اے این ایف کی کارروائی، 2 خواتین سے 14 کلو چرس برآمد

اے این ایف کی کارروائی، 2 خواتین سے 14 کلو چرس برآمد

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے راولپنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے دو منشیات فروشوں سے 14 کلو سے زائد چرس برآمد کرلی۔

 اے این ایف کے ترجمان کے مطابق ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس دوران مختلف شہروں میں کئی کارروائیاں کی گئیں۔ترجمان نے بتایا کہ سواں اڈا راولپنڈی کے قریب دو خواتین کے قبضے سے 14.4 کلو چرس برآمد کی گئی، جبکہ اسلام آباد میں 26 نمبر چونگی کے قریب ایک گاڑی کے خفیہ خانوں سے 16.8 کلو چرس برآمد کرکے 2 افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا۔ ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب بھی ایک ملزم کے سامان سے 6 کلو چرس برآمد کی گئی۔

 شیخوپورہ کے قریب فیض پور انٹرچینج پر ایک گاڑی سے 5 کلو آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔لاہور میں بھی اہم کارروائیاں کی گئیں جہاں کوریئر آفس کے ذریعے نیوزی لینڈ بھیجے جانے والے پارسل میں چھپائی گئی 325 گرام آئس برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ بابو صابو چوک لاہور میں ایک بیگ سے 1 کلو آئس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔