پی ٹی آئی کو انتظار تھا ٹرمپ آئے گا ‘ عمران خان کو رہائی ملے گی عظمی بخاری

 وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے مجھے  اپنی کتاب بھجوائی، شاید انہوں نے یہ کتاب خود نہیں پڑھی، خیبرپختونخوا کے عوام دہشتگردی کی جنگ میں جھلس رہے ہیں
خیبرپختونخوا حکومت کی  کارکردگی یہ ہے  انہوں نے اب تک 2 جرگے اور 4 ایپکس کمیٹی کی میٹنگز کی ہیں :وزیراطلاعات کی پریس کانفرنس

لاہور (سپیشل رپورٹر )صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے  پی ٹی آئی والوں کو انتظار تھا ٹرمپ آئے گا اور عمران خان کو رہائی ملے گی، وزیراعلی  کے پی علی امین گنڈاپور نے مجھے کتاب بھجوائی، شاید علی امین گنڈاپور نے یہ کتاب خود نہیں پڑھی، علی امین گنڈاپور نے کتاب میں اپنے کارنامے بتائے ہیں، وزیراعلی خیبرپختونخوا نے اس سال میں 2 کارنامے بھی کیے، انہوں نے اسلام آباد اور لاہور پر حملے کیے وہ کتاب میں نہیں لکھا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے   انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام دہشتگردی کی جنگ میں جھلس رہے ہیں، جب کرم جل رہا تھا موصوف فتح اسلام آباد کے راستے میں تھے، ان کو بار بار شرم دلائی تھی کہ لوگ وہاں مررہے ہیں، خیبرپختونخوا حکومت کی کل کارکردگی یہ ہے کہ انہوں نے اب تک 2 جرگے اور 4 ایپکس کمیٹی کی میٹنگز کی ہیں۔عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ مجھے بتایا گیا تھا علی امین گنڈاپور پڑھے لکھے آدمی ہیں، علی امین گنڈاپور پڑھے لکھے ہوتے تو یہ کتاب نہ بھیجتے، اس کتاب کے ذریعے شاید ان کی حکومت نے گنڈاپور کو چارج شیٹ کیا ہے، بی آرٹی کا کرایہ 110روپے سے 510  روپے کردیا گیا، میری وزیراعلی نے الیکٹرک بس کا کرایہ 20 روپے رکھا ہے، ان کے یوٹیوبرز کو مریم نوازکی تصاویر دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے۔لیگی رہنما نے کہا کہ سب کو پتہ ہے بی آرٹی کتنا جلتی ہے اور کتنی چلتی ہے، بی آرٹی کا کنٹریکٹر عالمی عدالت میں چلا گیا ہے، بی آرٹی کے کنٹریکٹر نے کے پی گورنمنٹ پر اربوں روپے کا ہرجانہ کردیا ہے، یہ ایک ہی بی آرٹی بناسکے جسے چلا بھی نہیں سکے، پنجاب میں ایک اورنج لائن کام کررہی ہے تین شہروں میں میٹرو چل رہی ہے، وزیراعلی مریم نواز راولپنڈی سے مری کے درمیان گلاس ٹرین چلارہی ہیں۔