دہشتگرد شریف اللہ عدالت میں پیش، کابل حملے میں کردار کا اعتراف

شریف اللہ کو ورجینیا کی عدالت میں پیش کیا گیا‘ نیلے رنگ کا جیل  والا لباس پہنایا گیا تھا
کابل حملے کے حملہ آورکے فرار میں مدد اور ماسکو کے سٹی ہال میں حملے میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف
 واشنگٹن (آئی این پی )پاکستان کی جانب سے پاک افغان سرحد سے گرفتار کرکے امریکہ کے حوالے کیے گئے داعش کے دہشت گرد شریف اللہ کو ورجینیا کی عدالت میں ابتدائی سماعت کے لیے پیش کردیا گیا۔محمد شریف اللہ کو ورجینیا کی وفاقی عدالت میں جج ولیم پورٹر کے سامنے  گزشتہ روز  پیش کیا گیا اور اسے نیلے رنگ کا جیل میں پہننے والا لباس پہنایا گیا تھا۔امریکی حکام کا کہنا تھاکہ شریف اللہ ان 2 ملزمان میں سے ایک ہے جو کابل حملے میں ملوث ہیں۔10 منٹ تک جاری ابتدائی سماعت کے موقع پر شریف اللہ کو بتایا گیا  الزامات ثابت ہوئے تو اسے عمر قید کا سامنا ہوگا، افغان شہری شریف اللہ نے جج سے بات کیلئے دری زبان کے مترجم کی خدمات لیں، اس موقع پر اٹارنی نے بتایا  ملزم کے پاس اثاثے نہیں اس لیے فیڈرل پبلک ڈیفنڈر درکار ہے۔ شریف اللہ نے کابل حملے کے حملہ آورکے فرار میں مدد اور مارچ 2024 میں ماسکو کے سٹی ہال میں حملے میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا ہے