قندھار میں ایئر فیلڈ کی آئل سٹوریج سائٹ او ملحقہ لاجسٹک انفراسٹرکچر تباہ ، کابل میں 313 کور کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا گیا:سیکورٹی ذرائع
شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی دراندازی ناکام‘کوہاٹ میں فتنہ الخوارج کے 3 ڈرون مار گرائے گئے، ، دہشتگردوں نے ڈرونز کو باردوی مواد لے جانے کیلئے استعمال کیا
راولپنڈی‘شمالی وزیرستان(آئی این پی )آپریشن غضب للحق کے تحت پاکستان کے شاہینوں نے افغانستان میں دہشت گرد ٹھکانوں پر کامیاب فضائی حملے کئے ہیں ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افواج نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گرد ٹھکانوں بشمول فوجی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا، ان حملوں میں افواج نے کابل میں 313 کور کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ قندھار میں تراوو دہشت گرد کیمپس کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے، موثر فضائی کارروائیوں کے دوران قندھار میں ایئر فیلڈ کی آئل سٹوریج سائٹ اوراس سے ملحقہ لاجسٹک انفراسٹرکچر بھی تباہ کر دیا گیا۔ فضائی کارروائی کے دوران افغانستان کے شہر قندھار میں قائم تراوو دہشتگرد کیمپ کو تباہ کر دیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس کیمپ میں دہشتگردوں کی سرگرمیاں جاری تھیں جسے کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔اسی طرح افغانستان کے صو بہ پکتیا کے کے علاقے شیرِناؤ میں قائم دہشتگرد کیمپ پر بھی فضائی حملہ کیا گیا، جہاں دہشتگردوں کے مراکز کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ بروقت اور مؤثر ردعمل کے نتیجے میں دہشتگردوں کی دراندازی کی ایک اور کوشش ناکام بنا دی گئی۔ذرائع کے مطابق پاک فوج نے شمالی وزیرستان کے قریب واقع گاؤں صدق میں دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا۔ کارروائی کے دوران دہشتگرد عناصر کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔دریں اثناء افغان طالبان رجیم کے دعووں کے باوجود حقیقت منظر عام پر آ گئی ہے۔ افغان طالبان نے دہشتگرد ڈرونز کو اپنی فضائیہ قرار دینے کے دعوے کیے اور کوہاٹ میں فضائی حملے کی رپورٹیں میڈیا پر جاری کیں، تاہم سچائی یہ ہے کہ یہ ڈرون حملے طالبان کی پشت پناہی سے فتنہ الخوارج نے کیے تھے۔پاکستان کی مسلح افواج نے مؤثر الیکٹرانک وار فئیر اقدامات کے ذریعے تینوں ڈرونز کو مار گرایا۔ دہشتگرد ڈرونز کا ملبہ گرنے سے دو شہری زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔