پیپلز پارٹی کا 25 جولائی کو مینارِ پاکستان جلسہ، آفیشل ترانہ جاری

پیپلز پارٹی کا 25 جولائی کو مینارِ پاکستان جلسہ، آفیشل ترانہ جاری

پاکستان پیپلز پارٹی نے 25 جولائی کو مینارِ پاکستان میں ہونے والے اپنے بڑے عوامی کنونشن کی تیاریاں تیز کر دی ہیں، جبکہ اس موقع کے لیے پارٹی کا آفیشل ترانہ بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے کارکنوں کو جلسے میں بھرپور شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے۔

پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر نے کہا ہے کہ تقریباً چالیس برس بعد مینارِ پاکستان پر ہونے والا یہ اجتماع تاریخی اہمیت کا حامل ہوگا اور اس میں پنجاب بھر سے کارکنان اور پارٹی رہنما شرکت کریں گے۔ ان کے مطابق یہ کنونشن پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔پیپلز پارٹی لاہور کی جانب سے جاری کیے گئے آفیشل ترانے کا مرکزی نعرہ "چلو چلو مینارِ پاکستان چلو، بلاول کو وزیراعظم بنانے چلو" رکھا گیا ہے۔ پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ اس ترانے کا مقصد کارکنوں میں جوش و جذبہ پیدا کرنا اور انہیں جلسے میں بھرپور شرکت کی ترغیب دینا ہے۔فیصل میر نے بتایا کہ پیپلز پارٹی آخری مرتبہ 10 اپریل 1986 کو مینارِ پاکستان میں ایک بڑا عوامی جلسہ منعقد کیا تھا، جس سے سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے خطاب کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چار دہائیوں بعد ایک بار پھر مینارِ پاکستان پر پارٹی کا بڑا اجتماع منعقد ہونے جا رہا ہے، جو سیاسی اعتبار سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ 25 جولائی کو بھرپور تعداد میں مینارِ پاکستان پہنچیں اور پارٹی قیادت سے اپنی وابستگی کا اظہار کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کنونشن چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر اعتماد کے اظہار کے ساتھ ساتھ آئندہ سیاسی حکمت عملی کا بھی اہم مرحلہ ہوگا۔پارٹی ذرائع کے مطابق کنونشن کی تیاریوں کے سلسلے میں لاہور اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں تنظیمی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ کارکنوں کی آمد، سکیورٹی اور انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت کو امید ہے کہ یہ اجتماع پارٹی کے لیے پنجاب میں سیاسی سرگرمیوں کو مزید تقویت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔