لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 8 فروری کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں متبادل حکمتِ عملی (پلان بی) تیار کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ مینار پاکستان گراؤنڈ کے علاوہ کسی اور مقام پر جلسہ نہیں کیا جائے گا، اور اگر حکومت نے اجازت نہ دی تو پنجاب بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع میں احتجاج کی کال دی جائے گی، جبکہ ارکان اسمبلی اور پارٹی رہنماؤں کو اپنے اپنے حلقوں میں احتجاجی مظاہرے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔لاہور میں بھی تمام حلقوں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی، جبکہ لبرٹی چوک، آزادی چوک، اور مال روڈ جیسے اہم مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔پی ٹی آئی کے ایک رہنما نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت جلسے کی اجازت نہ دے کر دراصل ہمارے احتجاج کو مزید کامیاب بنائے گی۔