اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت سے متعلق تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے اپنے حکم نامے میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا کو اپیلوں پر دلائل مکمل کرنے کے لیے حتمی مہلت دے دی۔عدالت نے واضح کیا کہ آئندہ سماعت پر اگر اپیلوں کے حق میں دلائل پیش نہ کیے گئے تو مزید التوا کی درخواست منظور نہیں کی جائے گی۔ عدالت اس صورت میں قومی احتساب بیورو (نیب) کا مؤقف سننے کے بعد دستیاب ریکارڈ کی بنیاد پر اپیلوں کا فیصلہ کرے گی۔تحریری حکم نامے کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ وہ آئندہ سماعت پر مزید التوا کی درخواست نہیں کریں گے اور اپیلوں پر اپنے دلائل مکمل کریں گے۔
عدالت نے سردار لطیف کھوسہ کی یقین دہانی کی بنیاد پر کیس ملتوی کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے قرار دیا کہ اس مقدمے میں یہ آخری مہلت دی جا رہی ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ اگر آئندہ سماعت پر اپیلوں پر دلائل مکمل نہ کیے گئے تو کیس کو مزید مؤخر نہیں کیا جائے گا، بلکہ نیب کے دلائل سن کر موجودہ ریکارڈ کی روشنی میں فیصلہ کر دیا جائے گا۔واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو سزا سنائی تھی، جس کے خلاف دونوں ملزمان نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔