اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس پر اہم پیش رفت، اپیلوں کی سماعت 29 جون کو ہوگی

اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس پر اہم پیش رفت، اپیلوں کی سماعت 29 جون کو ہوگی

اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت 29 جون کو مقرر کر دی گئی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ اس کیس کی سماعت کرے گا۔ اس سماعت میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے سزا کے خلاف دائر اپیلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق دونوں ملزمان نے اپنی سزا کے خلاف اپیلوں کے ساتھ توہین عدالت کی درخواستیں بھی دائر کر رکھی ہیں۔ ان درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود قانونی کارروائی کے لیے درکار دستاویزات اور وکالت ناموں پر دستخط کے عمل میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں۔

اس سے قبل عدالت سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو حکم دے چکی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے وکالت ناموں پر دستخط کروا کر سات روز کے اندر عدالت میں جمع کرائے جائیں، تاکہ اپیلوں کی کارروائی میں مزید تاخیر نہ ہو۔ عدالت نے جیل حکام کو اس معاملے میں واضح ہدایات جاری کی تھیں تاکہ قانونی عمل بلا رکاوٹ آگے بڑھ سکے۔190 ملین پاؤنڈ کیس کو سیاسی اور قانونی حلقوں میں غیر معمولی اہمیت حاصل ہے، اس لیے 29 جون کی سماعت کو بھی نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ امکان ہے کہ عدالت اس روز اپیلوں کے قابلِ سماعت ہونے، ریکارڈ کی تکمیل اور توہین عدالت کی درخواستوں سے متعلق آئندہ لائحہ عمل پر بھی غور کرے گی۔