چھوٹے اضلاع میں بھی الیکٹرک بسیں چلانے کی تیاری

لاہور ( کرائم رپورٹر)پنجاب حکومت کی بڑے شہروں کے بعد چھوٹے اضلاع میں ہزاروں الیکٹرک بسیں چلانیکی تیاری جاری۔ذرائع کے مطابق متعدد نئے روٹس کو فعال بنایا جا رہا ہے مزید اضلاع کو بھی اس نظام میں شامل کرنے کی تیاری کر لی گئی۔ خانیوال، خوشاب، بھکر، اٹک، منڈی بہا ئوالدین اور حافظ آباد کے 13روٹس پر الیکٹرک بسیں چلائی جائینگی۔ خوشاب میں جنرل بس سٹینڈ سے گروٹ چوک، مٹھا ٹوانہ اور منگوال ،خانیوال تا جہانیاں اور کبیر والا روٹس ،بھکر میں جنرل بس سٹینڈ سے دریا خان اور بہل روٹس ،اٹک میں پی او ایف سنجوال تا حضرو اور حکیم آباد سے اٹک خورد ،منڈی بہا ئوالدین میں کٹھیالہ شیخاں تا رسول ویلیج اور کالج چوک تا مانوچک جبکہ حافظ آباد میں جناح چوک اور گھوڑا چوک تا جلال پور بھٹیاں روٹ پر بسیں چلیں گی۔ رواں ماہ کے اختتام تک مزید 14 اضلاع میں بھی ای بس سروس کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے۔ چنیوٹ، لیہ، اوکاڑہ اور سیالکوٹ میں 10، 10، گوجرانوالہ اور ملتان کو 12،12بسیں دی جائینگی۔ مری، گجرات، شیخوپورہ، وہاڑی، قصور، لودھراں، ننکانہ اور نارووال کو بھی اس توسیعی منصوبے میں شامل کیا گیا ہے۔اگلے ماہ اگست تک مزید 488الیکٹرک بسیں پاکستان پہنچنیپر مختلف اضلاع میں چلادی جائینگی۔ حکومت مزید پندرہ سو نئی الیکٹرک بسیں چلانا چاہتی ہے۔ بسوں کو واپڈا سے حاصل بجلی سیچارج کیا جائیگا جبکہ دو برس گزرنے کے باوجود سولر چارجنگ انفراسٹرکچر مکمل نہیں ہو سکا۔ وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق رواں مالی سال الیکٹرک انفراسٹرکچر کیلئے40ارب مختص کیے گئے ہیں۔