ڈاکوؤں نے ریس کورس ،شیر اکو ٹ اور دیگر علاقوں میں راہگیروں کو لوٹ لیا
3 کروڑ کی مبینہ چوری میں ملوث گھریلو ملازمہ ساتھی سمیت قصور سے گرفتار
لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارلحکومت میں چوری و ڈکیتی کی 12 وارداتوں میں شہریوں کو لاکھوں نقدی و قیمتی اشیاء سے محروم کر دیا گیاہے۔ ادھرشادمان کے علاقے میں3 کروڑ کی مبینہ چوری میں ملوث گھریلو ملازمہ کو ساتھی سمیت قصور سے گرفتار کر لیاگیا۔تفصیلات کے مطابق مسلح ڈاکوؤں نے ریس کورس کے علاقہ میں شازب سے 5لاکھ روپے اور موبائل فون، فیصل ٹاؤن میں انجم سے 4لاکھ 70روپے اور موبائل،رائے ونڈ میں عرفان سے 4لاکھ35 ہزار روپے اور موبائل ، مناواں میں اسد اور کاہنہ میں فردین سے3لاکھ ، 3لاکھ اور موبائل فونز،شیر اکو ٹ کے علاقے میں 20 ہزار روپے اور موبائل ،چوہنگ کے علاقے میں ریاض سے 15 ہزار روپے اور موبائل ،ہیر کے علاقے میں سلطان اور نولکھامیں وحید سے 10 ، 10 ہزار روپے اور موبائل فونز چھین لئے۔دوسری طرف نامعلوم افراد نے ٹاؤن شپ سے آفتاب ، ٹبی سٹی سے شاہد اور نصیر آباد سے زاہد کی موٹرسائیکلیں چوری کر لیں۔ ادھر شادمان پولیس نے 3 کروڑ کی چوری میں مبینہ طور پر ملوث گھریلو ملازمہ کومل اور اس کے ساتھی افروز کو جدید ٹیکنالوجی اور موبائل ٹریکنگ کے ذریعے قصور سے گرفتار کر لیا گیا اور ان کے قبضہ سے 1 کروڑ نقدی ، سونا ،آئی فون اور لیپ ٹاپ برآمد کر لئے گئے ، دونوں کو مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔