ممبئی میں موسلادھار بارشیں، عمارت گرنے سے 6 افراد جاں بحق، تعلیمی ادارے بند

ممبئی میں موسلادھار بارشیں، عمارت گرنے سے 6 افراد جاں بحق، تعلیمی ادارے بند

بھارت کے مالیاتی مرکز ممبئی میں مون سون کی موسلادھار بارشوں کے باعث ایک خستہ حال رہائشی عمارت گرنے سے 5 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر اسکول اور کالج بند کر دیے گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حادثہ مشرقی ممبئی میں پیش آیا، جہاں عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو کارروائیاں کی گئیں۔ ممبئی کی میئر ریتو تاوڑے نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے سڑکیں زیرِ آب آ گئیں، ٹریفک کا نظام متاثر ہوا اور متعدد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔محکمہ موسمیات نے مزید شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے پیشِ نظر ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ شہری انتظامیہ نے طلبہ اور اساتذہ کی حفاظت کے لیے تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔