لاہور میں15اگست تک نئی کھدائی پر پابندی عائد کر دی گئی

 تمام زیر تعمیر منصوبوں، تہہ خانوں کی تعمیر والی سائٹس پر حفاظتی انتظامات کو لازمی قرار دیا گیا 
 غفلت یا کسی بھی جانی و مالی نقصان کی صورت میں متعلقہ مالک، بلڈر اور انجینئر ذمہ دار ہوں گے 
لاہور(سپیشل رپورٹر)مون سون سیزن کے پیش نظر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے شہر بھر میں تعمیراتی سرگرمیوں کے لیے حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔ سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نور الامین مینگل کی ہدایت پر 15 اگست تک نئی کھدائی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ایل ڈی اے کے مطابق تمام زیر تعمیر منصوبوں، خصوصاً تہہ خانوں کی تعمیر والی سائٹس پر شورنگ، ریٹیننگ وال اور دیگر حفاظتی انتظامات کو لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ بارشوں کے دوران کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔اتھارٹی نے تمام آرکیٹیکٹس، سٹرکچر انجینئرز اور ریذیڈنٹ انجینئرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ تین روز کے اندر اپنی متعلقہ تعمیراتی سائٹس کے سیفٹی سرٹیفکیٹس جمع کرائیں۔ایل ڈی اے کا کہنا ہے کہ حفاظتی انتظامات میں غفلت یا کسی بھی جانی و مالی نقصان کی صورت میں متعلقہ مالک، بلڈر اور انجینئر ذمہ دار ہوں گے۔