مون سون :15 اگست تک کھدائی کے کام پر مکمل پابندی

 جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے خلاف ورزی پرسخت کارروائی کی جائیگی
لاہور (کرائم رپورٹر)مون سون بارشوں کے دوران شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ایل ڈی اے کا تعمیراتی سائٹس سے متعلق سخت حفاظتی اقدامات نافذ کرنے کا فیصلہ ، سیکرٹری ہائوسنگ نور الامین مینگل کی ہدایت پر شہر بھر میں تعمیراتی سرگرمیوں کیلئے نئی شرائط اور ضابطے جاری کر دیئے گئے۔جاری کردہ احکامات کے مطابق 15 اگست تک کھدائی کے کام پر مکمل پابندی عائدکردی گئی۔ ہدایات کی خلاف ورزی پر ایف آئی آر اندراج، پراپرٹی سیل، بلڈنگ پلان منسوخ کرنے اور بھاری جرمانوں سمیت سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔ تمام تعمیراتی مقامات پر شورنگ اور ریٹیننگ وال کے مناسب انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ بارشوں کے دوران زمین کے سرکنے یا اطراف کی عمارتوں کو نقصان پہنچنے کیخطرات سے بچا جا سکے۔تہہ خانوں کی تعمیر سمیت تمام جاری منصوبوں میں سٹرکچرل استحکام اور حفاظتی انتظامات کو لازمی قرار دیا گیا ہے اورتمام آرکیٹیکٹس، سٹرکچر انجینئرز اور ریذیڈنٹ انجینئرز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ تین روز کے اندر اپنی متعلقہ سائٹس کے سیفٹی سرٹیفکیٹس ایل ڈی اے کو جمع کروائیں۔حکام کے مطابق ناکافی حفاظتی انتظامات یا غفلت سے کسی بھی جانی و مالی نقصان کی ذمہ داری براہ راست مالک، بلڈر اور متعلقہ انجینئر پر عائد ہو گی جبکہ ہمسایہ املاک، عوامی انفراسٹرکچر اور شہریوں کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔