پنجاب : قدیم تہذیبوں کی تلاش کیلئے نئی کھدائی کا آغاز

لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب حکومت نے ایک بڑے تاریخی اور تحقیقی اقدام کے تحت لاہور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں قدیم تہذیبوں کی تلاش کے لیے نئی کھدائی کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔محکمہ سیاحت و آثارِ قدیمہ کی زیر نگرانی سو سال بعد صوبے میں دوبارہ وسیع پیمانے پر آثارِ قدیمہ کی دریافت کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ محکمہ کے مطابق اس منصوبے کا مقصد صدیوں پرانی تہذیبوں، تاریخی ورثے اور ثقافتی شناخت کے گمشدہ پہلوو ں کو دریافت کرنا ہے۔محکمہ سیاحت و آرکیالوجی کے سیکریٹری ڈاکٹر احسان بھٹہ نے منصوبے کو تاریخی ورثے کی بحالی میں ایک سنگِ میل قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف پاکستان کی ثقافتی شناخت کو اجاگر کرے گا بلکہ عالمی سطح پر ملکی تاریخی تنوع کو بھی روشناس کرانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ماہرین آثارِ قدیمہ کا کہنا ہے کہ اگر ان مقامات سے نئی دریافتیں ہوئیں تو یہ تعلیمی و تحقیقی اداروں کے لیے قیمتی سرمایہ ہوں گی اور سیاحت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔منصوبے کے تحت دریافت شدہ نوادرات اور تاریخی شواہد کو جدید سائنسی طریقوں سے محفوظ کر کے عوامی نمائش کے لیے میوزیمز میں منتقل کرنے کا بھی ارادہ ظاہر کیا گیا ہے۔