ویب ڈیسک: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 9 جولائی کے دوران دریاؤں میں پانی کے غیر معمولی اضافے اور اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر سیلابی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
الرٹ کے مطابق دریائے راوی اور اس سے ملحقہ ندی نالوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا خطرہ ہے، جس سے مختلف اضلاع متاثر ہو سکتے ہیں۔
اربن فلڈنگ کے خدشات
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ موسلا دھار بارشوں کے باعث لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور راولپنڈی میں اربن فلڈنگ (شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے) کا سخت خدشہ موجود ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو الرٹ جاری
پنجاب کے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور واسا حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔ریسکیو 1122 کو تمام تر ریسکیو اور ریلیف اقدامات پیشگی مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، آبپاشی، صحت، لائیو اسٹاک، جنگلات اور ٹرانسپورٹ کے محکموں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کی ہدایات
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ:"تمام متعلقہ ادارے فوری الرٹ رہیں، ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔"انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ممکنہ سیلابی یا بارشی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات ہی انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کی ضمانت ہیں۔
عوام سے اپیل
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ:بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ندی نالوں کے قریب نہ جائیں۔