مظفرآباد: سیاحوں کی گاڑی دریائے نیلم میں جاگری، 6 افراد جاں بحق

جاں بحق ہونے والوں میں 5 خواتین ، ایک مرد شامل، لاشیں نکال لی گئی، تمام افراد کا تعلق مظفرآباد سے،لاپتا بچے کی تلاش جاری 
مظفر آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) آزاد کشمیر کے علاقے وادی نیلم میں چلہانہ کے مقام پر سیاحوں کی گاڑی خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی۔کار خوفناک حادثے کا شکار ہو کر دریائے نیلم میں جاگری جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ ایک بچہ تاحال لاپتا ہے، حادثہ جمعہ کی صبح پیش آیا، جب ایک کار میں سوار 7 افراد سفر کر رہے تھے۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 5 خواتین اور ایک مرد شامل ہے جن کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، تمام افراد کا تعلق مظفرآباد سے بتایا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات فی الحال معلوم نہیں ہو سکیں، دریا میں لاپتا بچے کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیموں کا سرچ آپریشن جاری ہے، پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی تھیں اور مقامی افراد نے بھی ریسکیو میں مدد فراہم کی۔