شدید ترین پابندیوں اور بیرونی جارحیت کے باوجود انقلاب اسلامی بہترین کی جانب گامزن، قائد ملت جعفریہ پاکستان
راولپنڈی /اسلام آباد(آئی این پی)قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ عالمی نظام غلامی، سمجھوتوں، نام نہاد مفادات،بدترین بندر بانٹ،قبیح سودے بازی، تباہ کن سمجھوتوں،معاشی بدمعاشی،نئے انداز کی غلامی ، ڈیلنگ اور حقوق سے دستبرداری جیسے خبائث سے عبارت جبکہ انقلاب اسلامی انہی خبائث کے خاتمے کیساتھ سماجی مساوات، مذہبی اقدار ،باہمی احترام کے نظریے کیساتھ برپا ہوا اور بہتر سے بہترین کی جانب گامزن ہے۔برادر اسلامی ملک ایران نے عالمی غلامی اور جبری نظام کیخلاف 45 سال کی سخت ترین پابندیوں اور ناکہ بندی کی قربانیاں دے کر پہلے جبر قبول کیاگیا نہ اب اسے ایران قبول کرے گا۔ان خیالات کا اظہار قائد ملت جعفریہ پاکستا ن علامہ سید ساجد علی نقوی نے امریکی صدر کے برادر اسلامی ملک سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا ۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ سامراج و استعمار یہود وہنود کے ذریعے جبراً ایک نئے انداز میں نظام غلامی نافذ کرنے کیلئے کوشاں ہیں ، اسی سبب جنگ عظیم دوئم سے قبل اور بعد میں نام نہاد حکومتیں مسلط کی گئیںاور بڑی ریاستوں کو مختلف ٹکڑیو ں میں تقسیم کیاگیا، اسی نام نہاد عالمی نظام نے نئے انداز کی غلامی، سمجھوتوں، نام نہاد مفادات، بدترین بندر بانٹ، قبیح سودے بازی ، تباہ کن سمجھوتوں، معاشی بدمعاشی، خوبصورت مگرخطرناک انداز کی ڈیلنگ و حقوق سے دستبرداری جیسے خبائث متعارف کرانے کیساتھ اسے ورلڈ آرڈر کے تحت نافذ کردیا جس کی واضح مثال مشرق وسطیٰ میں ناجائز اسرائیلی ریاست کے قیام کیساتھ بعض حکمرانوں کی خاموشی اور گزشتہ دہائی سے جاری نام نہاد ابراہم اکارڈ ہے