پانی، شربت اور دودھ کی سبیلوں کا بھی اہتمام ،سکیورٹی کے سخت انتظامات،ڈرون کیمروں کی ذریعے نگرانی کی گئی
پشاور میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل فون سروس بندرہی ،کراچی میں بی آر ٹی ، پیپلز بس سروس جزوی معطل
اسلام آباد؍لاہور؍کراچی؍ پشاور (آئی این پی ) ملک بھر میں 8محرم الحرام کے موقع پر عزاداری کے سلسلے میں جلوسوں اور مجالس کا اہتمام کیا گیا، علما و زاکرین نے مجالس عزاء سے خطاب میں شہداء کربلا کے فضائل و مصائب بیان کئے، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے، حساس مقامات پر پولیس، رینجرز اور رضا کاروں کی نفری تعینات کی گئی ، جلوسوں کی گزرگاہوں پر دکانیں اور مارکیٹیں سیل کردی گئیں، عزادار ان نے ماتم، زنجیر زنی اور سینہ کوبی کی ۔اسلام آباد میں آٹھ محرم الحرام کے موقع پر جامعہ المرتضیٰ جی نائن فور سے مرکزی جلوس برآمد ہو ا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا جامعہ الصادق جی نائن ٹو پر اختتام پذیر ہوا۔جلوس کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جبکہ حساس مقامات پر پولیس، رینجرز اور رضا کاروں کی نفری تعینات کی گئی۔ لاہور میں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ دربارِ حسین اندرون موری گیٹ سے برآمد ہوکر مقررہ راستوں سے ہوتا ہو ا امام بارگاہ بیت الرضا پرانی انار کلی پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔شبیہ ذوالجناح کا یہ جلوس اندرون موری گیٹ سے ہوتا ہوا کوچہ چراغاں سے جامعہ رضویہ، بخاری چوک، لوہاری گیٹ سے انار کلی پہنچا۔جلوس کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ، جلوس کے اطراف کی تمام گلیوں اور راستوں کو خار دار تاریں لگا کر بند کیا گیا ۔ عزاداروں کیلئے راستے میں پانی، شربت اور دودھ کی سبیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا ۔ پشاور میں 8محرم الحرام کے سلسلے میں 18چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہو ئے۔ جلوسوں کے روایتی راستوں پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے جبکہ جلوسوں کی نگرانی جدید ڈرون کیمروں کے ذریعے کی گئی ۔پولیس کے مطابق پہلا جلوس امام بارگاہ سید نجف علی شاہ سے اور دوسرا بڑا جلوس حسینیہ ہال پشاور صدر سے برآمد ہو ا۔اس کے علاوہ جلوسِ شبیہ جھول امام بارگاہ حسین محلہ مروی ہا سے برآمد ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اپنی منزل پر اختتام پذیر ہوا۔