محکمہ وائلڈ لائف نے غیر قانونی شیر رکھنے اور اس کے ساتھ ٹک ٹاک بنانے پر پابندی عائد کر دی‘شیر رکھنے والے افراد کو 5 سال سزا ہوگی اور جرمانہ کیا جائے گا
شیر کے حملے سے زخمی خاتون اور2بچے زیرعلاج‘ہمارے پاس شیر رکھنے کا لائسنس ہے‘غلطی پراہل علاقہ سے معذرت خواہ ہیں:ڈیرہ مالکان‘مقدمہ درج‘3افراد گرفتار
لاہور(علی چودھری‘دانش منیر‘حافظ عثمان)شاہ دی کھوئی جوہر ٹائون میں شیر کے حملے میں خاتون اور2بچے زخمی ہو گئے‘ ڈیرے کے ملازم نے شیر کو نہلانے کے لیے باہر نکالا تو مرغی کو دیکھ کر شیر آپے سے باہر ہو کر ڈیرے کی دیوار پھلانگ کر باہر گلی میں آگیا اور ایک خاتون سمیت دو بچوں پر حملہ آور ہوا۔متاثرہ بچے کی فیملی نے کہا ہمارے بچہ اذہان بہت ذخمی ہے ،ہسپتال میں زیر علاج ہے، بچے کا کان اور جسم پر بڑے زخم ہیں۔شیر رکھنے والے ڈیرا مالکان نے کہا ہمارے پاس شیر رکھنے کا لائسنس موجود ہے ہم اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہیں ہم اہل علاقہ اور تمام متاثرین سے معذرت خواہ ہیں۔محکمہ وائلڈ لائف پنجاب نے شہری آبادیوں میں غیر قانونی شیر رکھنے اور اس کے ساتھ ٹک ٹاک بنانے پر پابندی عائد کر دی‘غیر قانونی شیر رکھنے والے افراد کو 5 سال سزا اور 1 ملین روپے جرمانہ کیا جائے گامحکمہ وائلڈ لائف پنجاب کی سپیشل ویجلنس ٹیم غیر قانونی طریقے سے رکھنے والے شیر کو ٹریس کر کے ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائے گی۔محکمہ وائلڈ لائف نے کہا ڈیروں پر غیر قانونی شیر رکھنے اور سوشل میڈیا پر اس کی ویڈیو لگانے کے کلچر کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جائے گا۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کے مطابق پولیس نے واقع کا مقدمہ درج کر کے تین ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے ملزمان کے خلاف مزید قانون کاروائی جاری ہے