امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کانگریس کے ارکان کو بتایا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ گرین لینڈ پر حملے کے بجائے اسے خریدنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے معاونین کو اس علاقے کے حصول کے لیے نیا اور تازہ منصوبہ دینے کی ہدایت کی ہے۔مارکو روبیو نے یہ بات کانگریس کی مسلح سروسز اور خارجہ پالیسی کمیٹیوں کے اراکین کو دی گئی بریفنگ میں کہی، جو بنیادی طور پر وینزویلا پر مرکوز تھی، لیکن ارکان نے صدر ٹرمپ اور وائٹ ہاؤس چیف آف اسٹاف اسٹیفن ملر کے حالیہ جارحانہ بیانات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ نے یہ تفصیل نہیں بتائی کہ گرین لینڈ کو خریدنے سے مراد کیا ہے، تاہم وائٹ ہاؤس کے مطابق اس کے حصول کے لیے ملٹری آپشن پر بھی غور کیا گیا۔ صدر ٹرمپ نے پہلے ہی واضح کر دیا ہے کہ گرین لینڈ حاصل کرنا نیشنل سیکیورٹی کے نقطۂ نظر سے اہمیت رکھتا ہے۔