پیرس: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکا کی معاشی دباؤ کی پالیسی کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں اور واشنگٹن تہران کو اس کی مبینہ منفی سرگرمیوں کے لیے مالی وسائل کی فراہمی روکنے کی کوشش کررہا ہے۔
پیرس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ ایران کو اپنے جوہری پروگرام اور دہشت گردی کی مبینہ مالی معاونت کے لیے بھاری مالی وسائل درکار ہیں، اس لیے امریکا کی کوشش ہے کہ تہران کے مالی ذرائع محدود کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ایران کے پاس مالی وسائل جتنے کم ہوں گے، وہ اپنی ان سرگرمیوں پر اتنی ہی کم رقم خرچ کرسکے گا۔ امریکی وزیر خارجہ کے مطابق واشنگٹن معاشی اقدامات کے ذریعے ایران کی صلاحیتوں کو محدود کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس حکمت عملی کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔
مزید فوجی آپریشنز کی ضرورت نہیں، امریکی وزیر خارجہ
مارکو روبیو نے واضح کیا کہ ایران کے خلاف مزید بڑے فوجی آپریشنز کی ضرورت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر معاشی دباؤ کے ذریعے امریکا اپنے مطلوبہ مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب رہتا ہے تو مزید فوجی حملے کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ جاری تنازع کو ختم کرنے کے لیے سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنے پر بھی تیار ہے، تاہم تہران کی جانب سے پیش کیے جانے والے موجودہ مطالبات مکمل طور پر غیر حقیقت پسندانہ ہیں۔
ایران سے مطالبات پر نظرثانی کی توقع
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ واشنگٹن توقع کرتا ہے کہ ایران اپنے مطالبات اور مذاکراتی مؤقف پر نظرثانی کرے گا۔ اگر تہران نے اپنے مؤقف میں لچک دکھائی تو امریکا سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔روبیو نے مزید کہا کہ امریکا ایک طرف ایران پر معاشی دباؤ برقرار رکھنا چاہتا ہے تاکہ اس کی سرگرمیوں کو محدود کیا جاسکے، جبکہ دوسری جانب تنازع کے حل کے لیے سفارت کاری کا دروازہ بھی کھلا رکھنا چاہتا ہے۔