امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کیلئے معاہدہ کرنے پر اب بھی آمادہ ہیں، تاہم واشنگٹن کی بنیادی شرط ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے۔
نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ امریکی صدر ایسے معاہدے کیلئے تیار ہیں جس کے نتیجے میں ایران ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بن سکے۔ ان کے مطابق امریکا کیلئے سب سے اہم معاملہ یہ ہے کہ ایران کے پاس کبھی بھی جوہری ہتھیار نہ ہوں۔روبیو نے کہا کہ اگر ایسا معاہدہ ممکن ہو جو ایران کے جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے کی ضمانت دے تو صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ سمجھوتے کیلئے تیار ہیں۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کیلئے سفارتی رابطے جاری ہیں۔ رائٹرز کے مطابق بالواسطہ مذاکرات کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان اہم معاملات پر اختلافات برقرار ہیں، تاہم سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا جا رہا ہے۔
ایک روز قبل بھی روبیو نے کہا تھا کہ امریکا ایرانی قیادت سے ملاقات کیلئے تیار ہے، بشرطیکہ اس سے کسی مثبت نتیجے کی امید ہو۔ دوسری جانب ایرانی حکام نے بھی جنگ کے خاتمے سے متعلق امریکی تجاویز پر واشنگٹن کے جواب کا جائزہ لینے کی تصدیق کی ہے۔روبیو کے مطابق ایران کے ساتھ معاہدے تک پہنچنے کیلئے وقت اور بھرپور سفارتی کوششوں کی ضرورت ہوگی، جبکہ امریکا نے فوجی آپشن بھی برقرار رکھا ہوا ہے۔ یوں واشنگٹن ایک جانب مذاکرات اور معاہدے کا راستہ کھلا رکھے ہوئے ہے، تو دوسری جانب ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اپنی بنیادی شرط پر بھی قائم ہے۔