این اے-130: ڈاکٹر یاسمین راشد کی نواز شریف کے خلاف الیکشن پٹیشن مسترد

این اے-130: ڈاکٹر یاسمین راشد کی نواز شریف کے خلاف الیکشن پٹیشن مسترد

لاہور: این اے-130 سے ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے نواز شریف کے خلاف دائر کی گئی الیکشن پٹیشن ٹربیونل نے مسترد کر دی ہے۔

 ٹریبونل کے جج رانا زاہد نے چوبیس صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔فیصلے کے مطابق، الیکشن ایکٹ کے سیکشن 139، 142، 143 اور 144 کے تحت پٹیشن دائر کرنے کے تمام قانونی تقاضے پورے کرنا ضروری ہیں، لیکن ڈاکٹر یاسمین راشد کی پٹیشن ان شرائط پر پوری نہیں اترتی۔ٹربیونل نے واضح کیا کہ:الیکشن ایکٹ کے تحت کسی کو بھی فریق بنانے کے لیے ٹربیونل کی اجازت لازم ہے، لیکن ڈاکٹر یاسمین راشد نے ٹربیونل کی اجازت حاصل نہیں کی۔چودہ فروری کو نواز شریف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری ہوا، مگر مقررہ وقت میں پٹیشن دائر نہیں کی گئی۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے پٹیشن الیکشن کمیشن میں دائر کی، جبکہ درست فورم ٹربیونل تھا۔درخواست گزار نے الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ آفیسر کو فریق بنانے کے لیے ٹربیونل سے اجازت نہیں لی۔ٹربیونل کے فیصلے کے مطابق یہ اقدام غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، اور اس کے نتیجے میں الیکشن کمیشن، ریٹرننگ آفیسر اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کو فریقین کی لسٹ سے حذف کر دیا گیا۔

فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کے وکیل کے مطابق پٹیشن کے ساتھ حلف نامہ غلطی سے گم ہو گیا، تاہم تمام ثبوت اور رسیدیں لف کر دی گئی تھیں۔ نواز شریف کے وکیل نے پٹیشن کی ناقابل سماعت ہونے اور قانونی تقاضے پورے نہ کرنے پر اعتراض اٹھایا۔ٹربیونل کے حتمی فیصلے کے مطابق، ڈاکٹر یاسمین راشد کی نواز شریف کے خلاف الیکشن پٹیشن مسترد کی جاتی ہے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے نواز شریف کی این اے-130 سے کامیابی کو ٹربیونل میں چیلنج کیا تھا۔