اداکارہ نکول کڈمین اور مشہور گلوکار کیتھ اربن نے اپنی تقریباً دو دہائیوں پر محیط شادی کو قانونی طور پر ختم کر دیا ہے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق جوڑے نے باہمی رضامندی سے طلاق کے تمام معاملات طے کر لیے ہیں، جس میں ان کی دو بیٹیوں سنڈے روز (17 سال) اور فیتھ مارگریٹ (15 سال) کی تحویل بھی شامل ہے۔ بنیادی تحویل نکول کڈمین کے پاس رہے گی، جو سال میں تقریباً 306 دن اپنی بیٹیوں کے ساتھ گزاریں گی۔ کیتھ اربن کو ہر دوسرے ہفتے کے آخر میں بچوں سے ملاقات کا حق حاصل ہوگا۔عدالتی معاہدے کے مطابق دونوں والدین بچوں کے اخراجات خود برداشت نہیں کریں گے کیونکہ دونوں کی ماہانہ آمدنی 100 ہزار ڈالر سے زائد ہے۔سابق جوڑے نے اپنے اثاثے بھی باہمی رضامندی سے تقسیم کر لیے ہیں، جس میں زیرِ استعمال جائیداد، سرمایہ کاری، بینک اکاؤنٹس، گاڑیاں، گھریلو اشیاء اور ذاتی سامان شامل ہیں۔
دونوں نے الیمونی اور ازدواجی اخراجات کے دعوے بھی ختم کر دیے اور قانونی اخراجات خود برداشت کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ ان کے درمیان پری نپچوئل معاہدہ موجود تھا یا نہیں۔نکول کڈمین اور کیتھ اربن کی علیحدگی کی خبریں پہلی بار ستمبر 2025 میں سامنے آئیں، جب نکول کڈمین نے ناقابلِ مصالحت اختلافات کی بنیاد پر طلاق کی درخواست دائر کی۔ اطلاعات کے مطابق دونوں موسمِ گرما 2025 کے آغاز سے الگ رہ رہے تھے۔واضح رہے کہ نکول کڈمین اور کیتھ اربن کی پہلی ملاقات جنوری 2005 میں ہوئی اور ایک سال بعد دونوں نے شادی کر لی۔ اس سے قبل نکول کڈمین کی شادی اداکار ٹام کروز سے 1990 تا 2001 تک رہی تھی۔