لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ بائیو میٹرک انتخابات فروری 2026 میں منعقد ہوں گے، جس کے لیے وکلاء کی بائیو میٹرک رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔
بار کے وکلاء کے لیے رجسٹریشن کروانے کی آخری تاریخ 8 جنوری مقرر کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق بڑی تعداد میں وکلاء نے ابھی تک رجسٹریشن مکمل نہیں کی، جس کے پیش نظر بار عہدیداروں نے بائیو میٹرک رجسٹریشن کی ڈیڈ لائن 8 جنوری تک توسیع دی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ توسیع صرف وکلاء کو سہولت فراہم کرنے کے لیے دی گئی ہے اور اس کے بعد کسی قسم کی مزید رعایت نہیں دی جائے گی۔سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار کے مطابق مقررہ تاریخ تک بائیو میٹرک رجسٹریشن نہ کروانے والے وکلاء الیکشن میں حصہ لینے یا ووٹ کاسٹ کرنے کے اہل نہیں ہوں گے۔ بائیو میٹرک کے بغیر کوئی وکیل نہ تو ووٹر لسٹ میں شامل ہوگا اور نہ ہی انتخابات کے دن ووٹ ڈال سکے گا۔
بار عہدیداروں کے مطابق بائیو میٹرک سسٹم کا مقصد شفاف، منصفانہ اور غیر متنازع انتخابات کو یقینی بنانا ہے تاکہ صرف مستند اور اہل وکلاء ہی انتخابی عمل میں حصہ لے سکیں۔ وکلاء کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی ممکنہ مشکل یا نااہلی سے بچنے کے لیے مقررہ وقت کے اندر اپنا بائیو میٹرک عمل مکمل کریں۔ذرائع نے بتایا کہ فروری 2026 میں ہونے والے انتخابات کی انتظامی تیاریاں جاری ہیں، اور بائیو میٹرک رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد حتمی ووٹر لسٹ جاری کی جائے گی۔