لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور لاہور بار ایسوسی ایشن نے سپریم کورٹ کے ججز سنیارٹی سے متعلق حالیہ فیصلے کے خلاف الگ الگ انٹراکورٹ اپیلیں دائر کر دی ہیں، جن میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ پانچ رکنی بینچ کا فیصلہ نہ صرف آئینی تقاضوں کے خلاف ہے بلکہ اس سے عدلیہ کی خودمختاری اور سنیارٹی کے اصول بھی متاثر ہوئے ہیں۔ اپیل کنندگان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ فیصلے کی بنیاد پر کیے جانے والے تمام اقدامات کو بھی غیر مؤثر قرار دیا جائے۔
اپیلوں میں عدالت سے یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ کیس کے فیصلے تک سپریم کورٹ کے فیصلے اور اس کے نتیجے میں اٹھائے گئے اقدامات کو معطل کیا جائے تاکہ عدالتی نظام میں ممکنہ انتشار سے بچا جا سکے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے حالیہ فیصلہ جاری کیا تھا جس میں ججز کی سنیارٹی اور تقرری سے متعلق نئی تشریحات پیش کی گئی تھیں، جس پر وکلا تنظیموں نے شدید ردعمل ظاہر کیا تھا اور اس فیصلے کو ججز کی خودمختاری پر اثر انداز ہونے کے مترادف قرار دیا تھا۔